ہائیکورٹ نے ڈکیتی کے ملزم کی مقابلے میں ہلاکت سے بچانے کی درخواست واپس کر دی

لاہور(آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے ڈکیتی کے ملزم علی عباس کی پولیس مقابلے میں ہلاکت سے بچانے کی درخواست واپس کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے ڈسٹرکٹ جیل پاکپتن سے ملزم علی عباس کی جیل سے دائر درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے  کہا کہ اگر پولیس واقعی ملزم کو کسی فرضی مقابلے میں مارنے کا ارادہ رکھتی ہے تو عدالت کو اس کا بروقت نوٹس لینا چاہیے اور ملزم کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔عدالت نے درخواست واپس کرتے ہوئے ملزم کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ درخواست میں ضروری ترمیم کریں اور دوبارہ پیش کریں تاکہ معاملے کی مزید سماعت کی جا سکے۔