وفاق کراچی میں دلچسپی نہیں لیتا‘حکومتی نمائندے نفرت پھیلاتے ہیں بلاول بھٹو

 سندھ اسمبلی نے نئے صوبے کے معاملے پر فل سٹاپ لگادیا ہے سندھ کے عوام ہی سندھ کی قسمت کا فیصلہ کرسکتے ہیں، سیاست دانوں کا کام نہیں لوگوں میں نفرت اور تقسیم پیدا کریں:چیئرمین پیپلز پارٹی

حکومت کا فرض ہے  عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرے‘ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے ‘سندھ حکومت کی کوشش ہے  عوام کے معاشی بوجھ کو کم کرسکے:لیاری میں تقریب سے خطاب
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے  وفاقی حکومت کو کراچی پر توجہ دینی چاہیے، وفاقی حکومت شہر میں دلچسپی نہیں لیتی۔ شہر میں وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں تو عوام کی خدمت کی جاسکتی ہے۔لیاری میں آئی اسپنسر ہسپتال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  وفاقی حکومت کے نمائندے کراچی میں دلچسپی لیتے نہیں اور شہر میں نفرت پھیلانے میں لگے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آئی اسپنسر اسپتال کو فعال کیا گیا ہے، جہاں آنکھوں کے امراض کا علاج مفت کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی  وہ اسپنسر آئی اسپتال میں مفت علاج کروانے آئیں۔ ان کا کہنا تھا ہسپتالوں میں مہنگا علاج ہونے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا  حکومت کا فرض ہے کہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے اور سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کے معاشی بوجھ کو کم کرسکے۔بجلی کے بلوں کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بل اتنے بڑھ چکے ہیں کہ عوام کو ادائیگی میں مشکلات ہیں۔ سوچ رہا تھا کاش ہم پورے لیاری کو شمسی توانائی پر منتقل کرسکتے، سندھ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ لیاری کے عوام کو شمسی توانائی فراہم کرے۔صوبے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے اور بار بار سامنے آیا ہے۔ سندھ کے عوام اور منتخب نمائندوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور سندھ کے عوام ہی سندھ کی قسمت کا فیصلہ کرسکتے ہیں