مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینا ناگزیر ہے، اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (سپیشل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاںنے مقامی طرزِ حکمرانی میں اصلاحات سے متعلق بی سی پی آر ٹاسک فورس رپورٹ کی تقریبِ رونمائی میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینا ناگزیر ہے اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے۔ مضبوط مقامی حکومتوں کے بغیر جمہوریت کا استحکام اور عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں، کیونکہ عوام کو بااختیار بنائے بغیر جمہوری نظام کے ثمرات عام آدمی تک نہیں پہنچائے جا سکتے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مقامی حکومتوں کا نظام صوبائی سطح پر اختیارات کے ارتکاز کے باعث مؤثر کردار ادا نہیں کر سکا، جبکہ مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانا 1973ء کے آئین کے تحت جمہوری نظام کی تکمیل کے لیے ناگزیر ہے