اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کوئی نہیں کہہ سکتا آئندہ 2 سے 3 ماہ کے دوران تیل کی قیمت کس رفتار سے بڑھے گی۔اسلام آباد میں احسن اقبال نے وزیراعطم کے مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ کے ساتھ پریس کانفرنس کی اور کہا کہ جماعت اسلامی کے وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت اس وقت شدید دبائو کا شکار ہے، آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث تیل کی رسد متاثر ہو رہی ہے، جبکہ دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ،پوری دنیا اس وقت ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہی ہے، عالمی بحران ہمارے کنٹرول سے باہر ہے اور ایسے حالات کسی بھی ملک کی معیشت کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کوئی غیر ذمہ دارانہ اقدام نہیں کرنا چاہتی، جماعت اسلامی کے وفد کو حکومتی مشکلات سے آگاہ کیا، انہوں نے اپنی تجاویز دیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں 3، 3 رکن ہوں گے، کمیٹی تمام تجاویز پر غور کر کے حتمی شکل دے گی۔دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں ایک کروڑ 27 لاکھ افراد کو فیول ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں اس سہولت سے مستفید ہونے والے افراد کی تعداد دو کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔