بانی سے ملاقات نہ کرانے پر عدلیہ کی توہین ہوئی: پی ٹی آئی

 فارم 47 والی حکومت کا فوکس صرف تحریک انصاف کو دبانا ہے،عدلیہ کی ساکھ بچانا ججز کا کام ہے
 جان بوجھ کر پاکستان کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے: عمرایوب، شبلی فراز،  راجہ ناصر عباس، صاحبزادہ حامد رضا
راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا ہے  جیل سپرنٹنڈنٹ نے ہماری بانی سے ملاقات نہیں ہونے دی، آج بانی سے ملاقات نہ کرانے پر ہماری نہیں عدلیہ کی توہین ہوئی۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمرایوب، شبلی فراز، علامہ راجہ ناصر عباس، صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت کا فوکس صرف تحریک انصاف کو دبانا ہے، عدالتی احکامات کے باوجود بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، عدلیہ کی ساکھ کو بچانا ججز کا کام ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ عدالت کا آرڈر تھا کہ جیل کے باہر سیاسی بات نہیں کرنی، آج ہماری ملاقات نہیں ہوئی اس لیے باہر سیاسی باتیں کر رہے ہیں۔علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ جان بوجھ کر پاکستان کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے، پاکستان کو تباہ کرنے والے خود ہی اس گڑھے میں گریں گے، ظلم کرنے والے فرعون کی تاریخ پڑھ لیں۔انہوں نے کہا کہ پورا سسٹم ظالمانہ ہے، ہمارا مقابلہ پاکستان کو تباہ کرنے والوں کے ساتھ ہے، اپنے وطن کو بچانے کے لیے ثابت قدم رہیں گے، پاکستان کی 95 فیصد عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک کو صرف بانی پی ٹی آئی ہی متحد کر سکتے ہیں، بانی کو جیل میں رکھنے والوں کو شکست ہو گی