پنجاب : بارش سے سردی میں اضافہ

 لیسکو کے280 فیڈرزٹرپ ، لاہورودیگرمقامات پرگھنٹوں بجلی بند،بلوچستان کا درجہ حرارت منفی9 ہوگیا 
لاہور ،اسلام آباد(کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ)لاہورسمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔گلبرگ، جیل روڈ، کینال روڈ،پنجاب سوسائٹی، کوٹ لکھپت،ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، ایمپریس روڈ ،ڈیفنس، والٹن، جوہرٹائون و دیگر علاقوں میں بارش ہوئی ،کئی مقامات پر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی۔لاہور میں ہلکی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا ،لیسکو کے 280 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، گڑھی شاہو ،قلعہ گجر سنگھ، فیض پور، اسماعیل نگر، منصورہ، شیرا کوٹ، محمود بوٹی، ملک پارک، جوہر ٹائون ،گلشن راوی، سمن آباد،شاہ جمال کالونی، ملت روڈ، باغبانپورہ، شالیمار ،اقبال ٹائون، چائنہ سکیم، راوی روڈ، میاں پارک، شیخوپورہ روڈ، شرقپور کے علاقوں میں دن بھر بجلی بند رہی ،لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش رکتے ہی بجلی بحالی کا سلسلہ شروع کردیاگیا تھا ، فیلڈ سٹاف الرٹ ہے۔لاہور میں بارش پر وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز اور ایم ڈی غفران نے عملے کو تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی صفائی یقینی بنانے،شاہراہوں ، انڈر پاسز کو کلیئر رکھنے کی ہدایت دی۔محکمہ موسمیات کاکہناہے بارش کا سلسلہ رات گئے ختم ہو جائے گا ،پنجاب ، پختو نخوا کے میدانی علا قوں اور با لا ئی سندھ میں ہفتہ کی صبح اور رات کو دھند پڑے گی۔کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشر قی پنجاب، بالا ئی خیبر پختو نخوا، مری ،گلیات اور گردونواح میں چندمقامات پر بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان میں درجہ حرارت منفی 9 تک گر گیا ، لائنوں میں آنے والا پانی سردی کی شدت سے جم گیا۔جمعہ کوسکردو میں کم ازکم درجہ حرارت منفی13، وادی لہہ منفی12، گوپس ،استور، گلگت، زیارت منفی 9،کوئٹہ ، قلات منفی 7 ،ہنزہ ، بگروٹ منفی 6 ،کالام منفی 5 ، اسلام آباد ، پشاور 6 ، لاہور 9 اور کراچی میں11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔