محبوبہ کی منگنی کی انگوٹھی کے لیے نوجوان نے خود دریا سے سونا نکال لیا

محبوبہ کی منگنی کی انگوٹھی کے لیے نوجوان نے خود دریا سے سونا نکال لیا

امریکا میں ایک نوجوان نے اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرنے کے لیے ایسا منفرد طریقہ اختیار کیا کہ اس کا یہ اقدام محبت اور خلوص کی خوبصورت مثال بن گیا۔

نوجوان نے بازار سے منگنی کی انگوٹھی خریدنے کے بجائے خود دریاؤں سے سونا تلاش کیا اور اسی سونے سے اپنی محبوبہ کے لیے انگوٹھی تیار کروائی۔امریکی ریاست کولوراڈو کے رہائشی جیک ولکانی نے اپنی گرل فرینڈ جوآن کو شادی کی پیشکش یادگار بنانے کے لیے کچھ ایسا کرنے کا فیصلہ کیا جو عام انداز سے بالکل مختلف ہو۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے منگنی کی انگوٹھی خریدنے کے بجائے اسے اپنے ہاتھوں سے حاصل کیے گئے سونے سے بنوانے کا منصوبہ بنایا۔جیک نے کولوراڈو کے مختلف دریاؤں کا رخ کیا اور وہاں سے سونے کے باریک ذرات تلاش کرنا شروع کردیے۔ یہ کام آسان نہیں تھا، تاہم انہوں نے کئی ماہ تک محنت جاری رکھی اور رفتہ رفتہ اتنا سونا جمع کرلیا کہ اس سے انگوٹھی تیار کروائی جاسکے۔

کئی ماہ کی محنت سے تیار ہونے والی انگوٹھی
جب جیک کے پاس مطلوبہ مقدار میں سونا جمع ہوگیا تو وہ اسے مقامی سنار زیک ایلن کے پاس لے گئے۔ سنار نے اس سونے کو پگھلا کر ایک خوبصورت منگنی کی انگوٹھی تیار کی۔اس طرح یہ انگوٹھی محض زیور نہیں رہی بلکہ جیک کی کئی ماہ کی محنت، لگن اور اپنی محبوبہ کے لیے خصوصی جذبے کی علامت بن گئی۔ سنار زیک ایلن کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ تھا۔

ہائیکنگ کے دوران شادی کی پیشکش
انگوٹھی تیار ہونے کے بعد جیک نے اپنی محبوبہ جوآن کو ہائیکنگ پر لے جانے کا منصوبہ بنایا۔ اس دوران انہوں نے جوآن کو اپنے موبائل فون پر سونا تلاش کرنے کی ویڈیو دکھائی، جسے دیکھ کر ابتدا میں جوآن کو پوری بات سمجھ نہیں آئی۔تاہم جب انہیں احساس ہوا کہ جیک کئی ماہ سے یہ سونا صرف ان کی منگنی کی انگوٹھی تیار کروانے کے لیے جمع کر رہے تھے تو وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔