بگ بیش لیگ، حارث رؤف کا ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کیساتھ معاہدہ

 کھیل میں بہتری کیلئے کام جاری رکھوں گا اور انشاء اللّٰہ ہم کرکٹ کھیلتے رہیں گے،میڈیا سے گفتگو
لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کا بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے ساتھ معاہدہ ہو گیا۔حارث رؤف بگ بیش لیگ کے اگلے سیزن میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی جانب سے کھیلیں گے۔اس سے قبل پاکستانی فاسٹ بولر میلبرن اسٹارز کی طرف سے بگ بیش لیگ کھیل چکے ہیں۔واضح رہے کہ بگ بیش لیگ کا آغاز رواں سال 12 دسمبر سے ہو گا۔ادھرپاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے اپنی بولنگ پر ہونے والی تنقید پر ردِعمل کا اظہار کر دیا۔حارث رؤف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف مجھے ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے بولرز کو چھکے پڑتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ میں ماضی میں بھی تنقید سے نہیں گھبرایا اور آئندہ بھی تنقید سے خوف زدہ نہیں ہوں گا، کیونکہ اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔قومی کرکٹر نے کہا کہ میں اپنے کھیل میں بہتری کے لیے کام جاری رکھوں گا اور انشاء اللّٰہ ہم کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔اُنہوں نے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے ساتھ ٹیم میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم تینوں کا بنیادی مقصد مخالف ٹیم کی وکٹیں حاصل کرنا اور پاکستان کو میچ جتوانا ہے۔حارث رؤف کے مطابق ٹیم میں ہر کھلاڑی ایک دوسرے کا ساتھ دے رہا ہے اور شاہین کی موجودگی بولنگ اٹیک کے لیے فائدہ مند ہے۔اُنہوں نے سہ ملکی سیریز میں اپنی کارکردگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 300 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرنا مثبت پیش رفت ہے، تاہم جدید کرکٹ میں ٹیمز کو 350 یا اس سے زیادہ رنز بنانے اور ان کا دفاع کرنے کی صلاحیت بھی پیدا کرنا ہو گی۔قومی کرکٹر نے مڈل اوورز میں وکٹیں حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بیٹنگ کا انداز تبدیل ہو چکا ہے اور بولرز کو اس کے مطابق اپنی حکمت عملی بہتر بنانا ہو گی۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ تیز رفتار بولنگ آج کی کرکٹ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور میں اپنی فٹنس اور رفتار پر محنت جاری رکھوں گا تاکہ آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی دکھا سکوں۔