روزگار بڑھانے کیلئے مقامی انڈسٹری کا فروغ بے حد ضروری ہے مریم نواز

پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعت کاروں کی آسانی کیلئے بہت محنت کی گئی،  ہر پراجیکٹ میں مریم نواز  اور ان کی ٹیم کی محنت کی جھلک نظر آتی ہے:ہارون اختر 
پنجاب  نیا ٹیکس عائد کئے بغیر واجبات کی وصولی کا ریکارڈ قائم کررہا ہے،  بزنس مین کیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں:وزیراعلی کی ملاقات میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وزیراعظم کے مشیر برائے انڈسٹری و پیداوارہارون اختر کی سربراہی میںخصوصی کمیٹی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹربرائے کامرس احسان افضل خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کاروباری آسانی کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی اصلاحاتی کمیٹی نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا۔  وزیراعظم کے مشیر برائے انڈسٹری و پیداوارہارون اخترنے کہا کہ پنجاب میں انڈسٹری اور بزنس کے فروغ کیلئے متاثر کن اقدامات کیے گئے ہیں۔کاروبار ی آسانی اور انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہم جو سفارشات لیکر آئے ہیں، پنجاب پہلے ہی یہ اقدامات کرچکا ہے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعت کاروں کی آسانی کیلئے بہت محنت کی گئی۔ پنجاب کے ہر پراجیکٹ میں مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کی محنت کی جھلک نظر آتی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفاق کو کاروباری آسانی کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کیلئے ٹیکنیکل معاونت کی پیشکش کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ انڈسٹریلائزیشن ہی تیز ترین ترقی کا واحد راستہ ہے۔ روزگار بڑھانے کیلئے مقامی انڈسٹری کا فروغ بے حد ضروری ہے۔ پنجاب میں سکل ڈویلپمنٹ کو ایک ہی چھت تلے ری ویمپ کیا گیا ہے۔ سیکٹر وائز سکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ متعارف کرانے کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کے اخلاص اور ایس آئی ایف سی کی کاوشوں پر پورا بھروسہ ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ٹیکس نیٹ بڑھا کر نیا ٹیکس عائد کیے بغیر واجبات کی وصولی کا ریکارڈ قائم کررہا ہے۔