واساز کی تشکیل میں سست روی ، فنڈ کے عدم استعمال پرمنصوبے آگے نہ بڑھ سکے اب پی ایم یوتشکیل دیاجائیگا
لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج پر عملدر آمد تاخیر کا شکار ہو گیا۔ مختلف اضلاع میں واساز کے قیام میں سست روی نے حکومت کو نئی حکمت عملی اپنانے پر مجبور کر دیا۔ذرائع کے مطابق واساز کی بروقت تشکیل نہ ہونے سیانفراسٹرکچر اپ گریڈیشن اور تعمیراتی منصوبے آگے نہ بڑھ سکے، جس سے متعلقہ اضلاع میں واٹر سپلائی وسیوریج کے نظام پر براہِ راست اثرات مرتب ہوئے۔ شہری بنیادی سہولیات کے انتظار میں ہیں جبکہ منصوبوں کے فنڈ بھی استعمال نہ ہو سکے۔محکمہ ہا ئوسنگ نے اب فیصلہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو)تشکیل دیا جائے جوتیرہ اضلاع میں سیوریج اور واٹر سپلائی منصوبے مکمل کرے گا۔پہلے فیصلہ کیا گیا تھا کہ نئے اضلاع میں بھی واساز ہی تعمیراتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے تاہم، واساز صرف موجودہ انفراسٹرکچر کے آپریشن اور مرمت تک محدود رہیں گے ، اب تمام نئے منصوبے پی ایم یو کے سپرد کر دیئے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت اربوں روپے سے سیوریج ، واٹر سپلائی کا نیا انفراسٹرکچر تعمیر ہونا تھا مگر واساز کے بروقت قیام نہ ہونے سے منصوبوں میں تعطل پیدا ہوا۔ اب پی ایم یو کے قیام سے امیدہے کہ منصوبوں کی رفتار تیزہوگی اور ضلعی سطح پر مسائل کسی حد تک حل ہو سکیں گے۔