پی ٹی آئی کا صوابی جانیوالی پرائیویٹ مشینری پر حملے کا دعویٰ

 موٹروے پر مسلح نقاب پوشوں نے ہماری کرین، ڈمپر اور گاڑیوں کو روکا،آگ لگانے کی کوشش کی
 حملے کے بعد مشینری اور کرینوں کے ڈرائیورز اور دیگر سٹاف لاپتاہوگئے ہیں،سیکرٹری اطلاعات
صوابی(آئی این پی) پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ صوابی جانے والی پرائیویٹ مشینری کو پشاور ٹول پلازہ کے قریب پولیس کے روکنے کے بعد نامعلوم حملہ آوروں نے حملہ کردیا۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پر مسلح نقاب پوشوں نے ہماری کرین، ڈمپر اور دیگر گاڑیوں کو روکا۔انہو ں نے دعویٰ کیا کہ موٹروے پولیس کے مطابق نقاب پوشوں نے گاڑیوں کو آگ لگانے کی کوشش کی اور ہمارے ڈرائیوروں کو بھی زبردستی اپنی گاڑیوں میں بٹھاکر ساتھ لے گئے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے مشینری کے ٹائروں پر فائرنگ کر کے انہیں ناکارہ بنایا گیا۔ بعد ازاں کرینوں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی گئی تب تک پی ٹی آئی اراکین موقع پر پہنچ گئے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حملے کے بعد صوابی جانے والی پرائیویٹ مشینری اور کرینوں کے ڈرائیورز اور دیگر سٹاف لاپتاہوگئے ہیں۔