ڈیانا مبینہ زیادتی کیس، ضمانت میں توسیع کے باوجود ملزم گرفتار

سیشن عدالت کے باہر پولیس اور وکلا میں تلخ کلامی، ہاتھا پائی کے بعد نے ملزم پکڑ ا گیا 
لاہور( کرائم رپورٹر)غیرملکی خاتون ڈیانا سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم تنویر کو سیشن عدالت کے باہر ڈرامائی صورت حال کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔ صحافی وقاص اعوان کی ایکس پوسٹ کے مطابق عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت میں 27 اکتوبر تک توسیع کردی تھی، تاہم سماعت کے بعد ملزم اپنے وکلا کے ہمراہ کمرہ عدالت سے باہر نکلا تو وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس اہلکاروں اور وکلا کے درمیان شدید بحث و تکرار شروع ہوگئی، جو مبینہ طور پر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے بھاگنے کی کوشش کی، جس پر سیشن کورٹ کے باہر سڑکوں پر پولیس اہلکاروں اور ملزم کے درمیان دوڑیں لگ گئیں اور افراتفری پھیل گئی۔ رپورٹ کے مطابق بعد ازاں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی ٹیم نے ملزم تنویر کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ملزم کے وکیل نے گرفتاری کی کارروائی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مئوقف اختیار کیا کہ عدالت کی جانب سے عبوری ضمانت میں توسیع کے باوجود احاطہ عدالت کے باہر سے گرفتاری قانون اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔ واقعے کے حوالے سے پولیس کا مئوقف فراہم کردہ رپورٹ میں شامل نہیں، جبکہ مقدمے میں عائد الزام تاحال مبینہ ہے۔