بسنت 12 تا14 مارچ منانے کی تیاری

 چھت پر ساڑھے 3فٹ دیوار لازمی قرار، مالکان کو عمارتوں کی مضبوطی یقینی بنانے کا حکم ، پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی نگرانی سخت کرنے کی ہدایت 
 لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب حکومت نے لاہور میں محفوظ بسنت منانے کے لیے سخت حفاظتی ایس او پیز جاری کرتے ہوئے تہوار کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ احمد جاوید کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منائی جائے گی۔ حکومتی ہدایات کے مطابق 31 دسمبر 2026 سے قبل تمام عمارتوں کی چھتوں پر کم از کم ساڑھے تین فٹ اونچی حفاظتی دیوار تعمیر کرنا لازمی ہوگا، جبکہ اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں کی مرمت بھی کرانا ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا معائنہ کرائیں گے اور غیر تسلی بخش رپورٹ کی صورت میں متعلقہ چھت پر پتنگ بازی پر پابندی عائد کرسکیں گے۔ پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والی چھت کی مضبوطی اور پائیداری کی قانونی ذمہ داری مالک مکان پر ہوگی، جبکہ چھت کے قریب بجلی کی تاریں ہونے کی صورت میں مالکان انہیں محفوظ بنانے کے پابند ہوں گے۔ حکومت نے پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی نگرانی سخت کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ روایتی تہوار کے دوران شہریوں، خصوصاً نوجوانوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔