ملتان میں تھانہ شاہ شمس کی حدود میں موٹرسائیکل سوار فیملی کو مبینہ طور پر گن پوائنٹ پر لوٹنے اور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس نے خاتون کے شوہر کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اسلحے کے زور پر شوہر اور بچوں کو یرغمال بنایا گیا
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا، جب ایک شہری اپنی اہلیہ اور دو بچوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھر واپس جا رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ خاندان رسول پور سے ایک سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ رہا تھا کہ رات تقریباً 10 بجے تین نامعلوم مسلح افراد نے انہیں روک لیا۔درج مقدمے کے مطابق ملزمان نے اسلحہ دکھا کر خاندان کو یرغمال بنا لیا۔ دو ملزمان نے شوہر اور بچوں کو قابو میں رکھا، جبکہ تیسرے ملزم نے مبینہ طور پر خاتون کو سڑک کے قریب درختوں کے پیچھے لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے شواہد جمع کرکے تفتیش شروع کردی
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ پولیس افسران اور تفتیشی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں، جہاں کرائم ریکارڈ آفس اور کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے اور نمونے مزید تجزیے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی بھجوا دیے گئے ہیں۔ فرانزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد تفتیش میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔
ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل
واقعے کے بعد ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق جائے وقوعہ اور اس کے گردونواح کی جیو فینسنگ سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ ملزمان تک پہنچا جا سکے۔