اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاکستان میں غیر رجسٹرڈ درآمد شدہ موبائل فونز کی رجسٹریشن کے لیے سیلز ٹیکس اقساط میں ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت اہل صارفین اب موبائل فون کی رجسٹریشن کے لیے واجب الادا سیلز ٹیکس مالی سال کے باقی مہینوں میں ماہانہ اقساط کی صورت میں ادا کر سکیں گے۔ایف بی آر کی جانب سے موبائل فونز کی رجسٹریشن اور ٹیکس ادائیگی کے طریقہ کار میں ترمیم کی گئی ہے، جس کا مقصد اہل افراد کو ٹیکس کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ نئی ترمیم کے تحت درآمد شدہ موبائل فونز پر واجب الادا سیلز ٹیکس یکمشت ادا کرنے کے بجائے اقساط میں جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔نئے طریقہ کار کے مطابق اہل صارفین ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے ذریعے موبائل فون کا سیلز ٹیکس ماہانہ اقساط میں ادا کر سکیں گے۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست جمع کراتے وقت ہی اقساط میں ادائیگی کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔
سیلز ٹیکس کی اقساط کیسے ادا ہوں گی؟
ایف بی آر کے ترمیم شدہ طریقہ کار کے مطابق سیلز ٹیکس کی اقساط کی تعداد اس مالی سال کے باقی مہینوں کے برابر ہوگی جس میں درخواست جمع کرائی جائے گی۔ اس طرح صارفین کو واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی کے لیے ماہانہ بنیادوں پر وقت مل سکے گا۔طریقہ کار کے تحت پہلی قسط درخواست جمع کراتے وقت جاری ہونے والے پیمنٹ سلپ آئی ڈی (PSID) کے ذریعے ادا کرنا ہوگی، جبکہ آئندہ اقساط کے لیے ہر ماہ مقررہ تاریخ پر الگ پی ایس آئی ڈی جاری کیا جائے گا، جس کے ذریعے متعلقہ رقم جمع کرائی جا سکے گی۔
30 جون سے پہلے تمام اقساط کی ادائیگی لازمی
نئے قواعد کے مطابق سیلز ٹیکس کی تمام اقساط کی ادائیگی 30 جون سے پہلے مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ صارفین مقررہ شیڈول کے مطابق اقساط ادا کرنے کے پابند ہوں گے، تاہم انہیں یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ چاہیں تو باقی ماندہ ٹیکس مقررہ مدت سے پہلے بھی ادا کر سکتے ہیں۔
قسط میں تاخیر پر موبائل فون بلاک ہوسکتا ہے
ایف بی آر کے ترمیم شدہ طریقہ کار میں اقساط کی عدم ادائیگی سے متعلق سخت شرائط بھی شامل کی گئی ہیں۔ مقررہ تاریخ پر قسط ادا نہ کرنے کی صورت میں صارف کو ڈیفالٹر تصور کیا جائے گا۔قسط کی عدم ادائیگی پر متعلقہ موبائل فون کو غیر رجسٹرڈ قرار دے کر ڈی آئی آر بی ایس کے ذریعے بلاک کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ کسی قسط کی ادائیگی میں تاخیر ہونے پر باقی تمام واجب الادا سیلز ٹیکس فوری طور پر قابل ادائیگی ہو جائے گا اور صارف کی مزید اقساط میں ادائیگی کی سہولت ختم کردی جائے گی۔
صارفین کے لیے اہم ہدایات
غیر رجسٹرڈ درآمد شدہ موبائل فون استعمال کرنے والے اہل افراد کو اقساط کی سہولت حاصل کرتے وقت درخواست میں درست آپشن منتخب کرنا ہوگا اور ہر قسط کی مقررہ تاریخ کا خیال رکھنا ہوگا۔ تمام ادائیگیاں مقررہ مدت میں مکمل کرنا ضروری ہوگا، بصورت دیگر موبائل فون بلاک ہونے اور باقی ٹیکس یکمشت واجب الادا ہونے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔