لاہور جم خانے کرایہ معاملے پر بورڈ آف ریونیو سے تفصیلات طلب

لاہور (آئی این پی)پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نمبر 6 میں لاہور جم خانے کے کرائے کے معاملے پر کمیٹی کے چیئرمین سمیع اللہ خان نے بورڈ آف ریونیو سے تفصیلات طلب کرلیں۔ پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نمبر 6 کا چیئرمین سمیع اللہ خان کی زیر صدارت اجلاس گزشتہ روز  ہوا جس میں جم خانہ کا آڈیٹر جنرل سے کمرشل آڈٹ نہ کروائے جانے کا انکشاف ہوا۔ سیکریٹری بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ 1996 میں جم خانہ لیز سی ایم سیکریٹریٹ کی ہدایت پر کی گئی۔کمیٹی کے چیئرمین نے استفسار کیا کہ کیا سی ایم ہدایت میں 5000 کرایہ مختص کرنے کا لکھا تھا؟ جس پر سیکریٹری نے جواب دیا کہ سی ایم کی ہدایت میں نہیں، کمشنر بورڈ آف ریونیو کو لکھے خط میں ذکر موجود ہے۔