گوادر:فورسز سے جھڑپیں‘خاتون سمیت 10 دہشت گرد ہلاک، ایک شہری شہید

 گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر میں حملوں کی کوشش ناکام، کلیئرنس آپریشنز مکمل‘سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا:آئی ایس پی آر‘صدر‘وزیراعظم‘وزیرداخلہ کا فورسز کو خراج تحسین
راولپنڈی( آن لائن ) بلوچستان میں گوادر کے علاقے گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے دہشت گردانہ کارروائیوں کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکیورٹی فورسز نے مختلف جھڑپوں کے دوران ایک خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ حملوں کے دوران ایک شہری نے جامِ شہادت نوش کیا اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے ان مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جہاں کارروائیوں سے انہی لوگوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا جن کی نمائندگی کا وہ دعویٰ کرتے ہیں۔ دہشت گردوں کا مقصد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے کے رہائشیوں کے تحفظ اور متاثرہ مقامات کو کلیئر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور اس کے گردونواح میں کلیئرنس آپریشنز شروع کیے۔ مختلف جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کے عزائم اور ریاست کی عمل داری کو کمزور کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تمام آپریشنز سیکیورٹی فورسز کے کسی جانی نقصان کے بغیر مکمل کرلیے گئے، جبکہ علاقے میں امن و امان اور ریاست کی عمل داری بحال کردی گئی