بینظیر ہاری کارڈ: لاکھوں کسانوں تک بائیوچار منصوبہ متعارف کرانے پر غور

کراچی(آئی این پی )سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور صوبے کی بنجر زرعی زمینوں کی بحالی کیلئے  بڑا اقدام کیا ہے۔صوبائی محکمہ زراعت نے بینظیر ہاری کارڈ کے تحت رجسٹرڈ ساڑھے 3 لاکھ کسانوں تک بائیوچار منصوبہ متعارف کرانے پر غور شروع کردیا  ۔ بائیو چار زرعی باقیات، لکڑی اور دیگر نامیاتی مواد سے تیار کیا جانے والا ایک قدرتی مادہ ہے، جسے مٹی میں شامل کرنیسیزمین کی زرخیزی، پانی محفوظ رکھنے کی صلاحیت اور فصلوں کی پیداوار بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا جام خان شورو،ذوالفقار شاہ، سیکریٹری زراعت محمد زمان ناریجو، سندھ آبادگار بورڈ کے صدر محمود نواز شاہ و دیگر  نے شرکت کی۔اجلاس میں انڈس بائیوچار کے چیئرمین خرم ارشاد، چیف فنانشل آفیسر شکیل الیاس اور منیجر آپریشنز عبدالوہاب عیسانی نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں سندھ کی بنجر اور متاثرہ زرعی زمینوں کی بحالی کے لیے بائیوچار کے استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں بینظیر ہاری کارڈ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ساڑھے3 لاکھ کسانوں کواس منصوبے سیمنسلک کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔