مالک نے 15 پر کا ل کی ندیم چوری کرکے فرار ہو گیا ہے ، اوپر والے پورشن سے لاش ملی
لاہور(کرائم رپورٹر) نواب ٹائون کے علاقے رائیونڈ روڈ پر واقع نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں خانسامہ کی کنپٹی پر گولی لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ندیم نامی شخص مذکورہ گھر میں بطور خانسامہ کام کرتا تھا۔ گھر کے مالک نے ون فائیو پر کال کرکے اطلاع دی کہ اس کا خانسامہ گھر سے چوری کرکے فرار ہوگیا ہے۔ پولیس موقع پر پہنچی تو گھر کے مالک نے بتایا کہ وہ سامان چیک کرکے تھانے میں درخواست دے گا۔بعدازاں گھر کا مالک اوپر والے پورشن میں گیا تو ندیم مردہ حالت میں پڑا ملا۔ پولیس کے مطابق ندیم کی کنپٹی پر گولی لگی ہوئی تھی اور خون بہہ رہا تھا۔ پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ندیم کو قتل کیا گیا یا اس نے مبینہ طور پر خودکشی کی، اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔