قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اور بڑا ٹاکرا دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
سری لنکا کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا:"ہمیں یقین ہے کہ فائنل میں بھارت کا دوبارہ سامنا ہوگا۔"بھارت کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے اور منفرد انداز میں جشن منانے سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا:"میں شاذ و نادر ہی نصف سنچری کے بعد جشن مناتا ہوں، لیکن اس بار یہ خیال اچانک آگیا تھا کہ اس طرح جشن مناؤں۔ مجھے اس بات کی پروا نہیں کہ لوگ کیا سوچ رہے ہیں۔"ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کرنے سے اعتماد ملا ہے اور ٹیم اسی کمبی نیشن کو آگے بھی برقرار رکھے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان آج اپنا دوسرا میچ سری لنکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ تیسرا میچ 25 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف شیڈول ہے۔ایشیا کپ کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا جس میں سپر فور کی ٹاپ دو ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔