جام کمال خان کی زیر صدارت اجلاس برآمدات میں اضافے پر غور

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت برآمد کنندگان، صنعت کاروں اور کاروباری برادری کے نمائندوں کے اعلی سطحی مشاورتی اجلاس میں پاکستان کی برآمدات بڑھانے، صنعتی مسابقت بہتر بنانے اور برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برآمد کنندگان کے مسائل پر قابلِ عمل سفارشات تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی، جبکہ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل خان اور متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ملک کے مختلف برآمدی شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری نمائندوں نے آن لائن اور بالمشافہ شرکت کی۔