زینب ڈیڑھ سال سے چودھری رفاقت کے گھر میں کام کر رہی تھی، مالکن نے طیش میں آ کر ڈنڈوں کے ذریعے شدید تشدد کیا
زینب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئی، بچی کی ہلاکت کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، انصاف کا مطالبہ
شیخوپورہ(خصوصی رپورٹ)با اثر گھریلو مالکان کے بہیمانہ تشدد کے نتیجے میں 12 سالہ کمسن ملازمہ زینب جاں بحق ہو گئی۔ تھانہ اے ڈویژن کے علاقے خالد روڈ پر با اثر گھریلو مالکان کے بہیمانہ تشدد کے نتیجے میں 12 سالہ کمسن ملازمہ زینب جاں بحق ہو گئی۔ معصوم بچی کی ہلاکت کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور لواحقین نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی کمسن زینب گزشتہ ڈیڑھ سال سے خالد روڈ پر رہائش پذیر چوہدری رفاقت کے گھر میں بطور گھریلو ملازمہ کام کر رہی تھی۔لواحقین کا سنگین الزام ہے کہ گھر کی مالکن نے معمولی بات پر طیش میں آ کر ڈنڈوں اور سوٹوں کے ذریعے زینب پر شدید تشدد کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زینب کی لاش کو تحویل میں لے کر فوری طور پر میڈیکولیگل کارروائی (پوسٹ مارٹم) کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملازمہ کی ہلاکت کے اس واقعے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور واقعے کی تمام پہلوں سے تفتیش جاری ہے۔