کوئٹہ (آن لائن)کوئٹہ کے نواحی علاقے دشت میں کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، دہشت گردوں کے قبضے سے گولہ بارود اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا، ترجمان کے مطابق ملزمان بچے مصور کاکڑ کے قتل سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔کوئٹہ کے نواحی علاقے دشت میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم مذہبی تنظیم سے تھا اور وہ سنگین جرائم میں ملوث تھے۔سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران ایک گرفتار ملزم، جو کمسن مقتول مصور کاکڑ کے قتل میں ملوث تھا، کو اس کے ساتھیوں کی نشاندہی کے لیے ساتھ لایا گیا تھا، جیسے ہی ٹیم نے دشت میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا، ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی جوابی کارروائی میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھرپور مقابلہ کیا۔ترجمان کے مطابق، فائرنگ کے تبادلے میں گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے 2 ساتھی بھی مارے گئے۔