بارش سے کئی دیواریں گر گئیں، طویل انتظار کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا
لاہور،راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ، مزید بارش کا امکان ہے
اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور(آئی این پی) بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں برف باری کے ساتھ بارش کا آغاز ہو گیا جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے جبکہ بلوچستان میں بارش سے کئی دیواریں گر گئیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں طویل انتظار کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، دس ماہ کے وقفے سے بارش کے ساتھ ہی صوبے بھر میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں اتوار کو صبح کے وقت ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار مگر سرد ہو گیا۔ اسی طرح چمن، پنجگور، قلات، لورالائی، خاران اور قلعہ سیف اللہ میں بھی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی محسوس کی گئی اور سرد ہوائیں چلنے لگیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی زیارت اور اس کے اطراف میں مزید بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موسمی صورتحال کے باعث آئندہ چند دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ وادی سوات کے مختلف سیاحتی مقامات مہوڈنڈ، کالام، مالم جبہ اور گبین جبہ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث میدانی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ برفباری کے مناظر دیکھنے اور سنو فال سے لطف اندوز ہونے کے لیے ملک کے مختلف حصوں سے سیاح بڑی تعداد میں وادی سوات پہنچ رہے ہیں۔ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، بعض مقامات پر ہلکی جبکہ کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ بھی بارش برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔اسی طرح ایبٹ آباد شہر اور اس کے گردونواح میں بھی ہلکی بارش شروع ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، مجموعی طور پر ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری نے موسم کو سرد کر دیا ہے۔ ادھر آزاد کشمیر کی زیریں وادی نیلم میں بارش ہوئی، بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے، بالائی علاقوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔