محدود بسنت :قانون میں ترمیم کی تیاری

 ہفتہ اتوار پتنگ بازی کی اجازت ،دھاتی ، کیمیکل ڈور پر پابندی ،غیر رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کیخلاف کارروائی ہوگی
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور میں محدود سطح پر بسنت منانے کی تیاریاں،ایک سال میں دوسری بار قانون میں ترمیم ہوگی ، محفوظ اور محدود بسنت منانے کی اجازت کیلئے ترمیم کی تیاری شروع کر دی گئی۔اندرون شہر میں دو روز کیلئے محفوظ بسنت منانے کی اجازت کیلئے ذرائع کے مطانق حکومت پنجاب نے قانون میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا،اس سے پہلے کائٹ فلائنگ آرڈیننس قوانین میں 2001اور 2009 اور جنوری 2025 میں ترمیم کی گئی تھی۔ اب فروری 2026میں بسنت کیلئے قانون میں ترمیم کی جائیگی،ترمیمی بل کی تیاری میں بسنت کی اجازت ڈی سیز کے سپرد کی گئی ہے،اس سے قبل حکومت قانونی طور پر15 روزہ بسنت کی اجازت دیتی تھی،جنوری 2025میں بسنت پر مکمل پابندی لگانے کی ترمیم کی گئی،اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے بسنت سے متعلق نئی سفارشات حکومت کو پیش کیں،اندرون لاہور گریٹر اقبال پارک ،شاہی قلعہ، موچی گیٹ، بھاٹی گیٹ ،رنگ محل میں صرف دو روز ہفتہ اتوار کیلئے محدود بسنت کی اجازت پر سفارشات پیش کی گئیں۔ تیز دھاتی، نائیلون اور کیمیکل ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی،صرف کپاس یا نشاستے سے تیار شدہ ڈور کے استعمال کی اجازت ہوگی،ڈور ،پتنگوں پر بار کوڈ لازمی قرار،غیر رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کیخلاف کارروائی ہوگی،بسنت والے علاقوں میں موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی تجویز ،موٹر سائیکل سواروں کیلئے سیفٹی اینٹینا اور گلے کے کور لازمی ہونگے۔ لاہور میں 16سال بعدمحدود علاقے میں محفوظ بسنت کی اجازت دینے پر اتفاق کرلیا گیاتاہم اجازت قانون میں ترمیم کے بعد دی جائیگی۔