خفیہ کیمروں والی عینکوں، پین، گھڑیوں اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسزکے غیر قانونی استعمال اور خرید و فروخت کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی
لاہور (آئی این پی )پنجاب حکومت نے جاسوسی کے آلات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔حکومتِ پنجاب نے شہریوں کی نجی زندگی، ذاتی معلومات اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے جاسوسی کے آلات اور خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس اقدام کا مقصد خفیہ نگرانی کے ذریعے شہریوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی، ہراسانی اور بلیک میلنگ جیسے واقعات کی روک تھام کرنا ہے۔حکومتی فیصلے کے مطابق خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس روزمرہ استعمال کی اشیا، جن میں عینکیں، پین، گھڑیاں اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز شامل ہیں، کے غیر قانونی استعمال اور خرید و فروخت کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ایسی ڈیوائسز کو لوگوں کی اجازت کے بغیر ان کی سرگرمیوں کی نگرانی یا ذاتی معلومات ریکارڈ کرنے کے لیے استعمال کرنے کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔حکومتِ پنجاب کے مطابق اس فیصلے کا ایک اہم مقصد خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور انہیں خفیہ ریکارڈنگ، غیر قانونی نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ جیسے مسائل سے محفوظ رکھنا ہے