ملکی جی ڈی پی کو 0.3 فیصد سے 0.7 نقصان ، 3.9 فیصد رہنے کا امکان
ڈیموں، نہروں، ذخائر کو 17ارب68 کروڑ کا نقصان پہنچا:مزید تفصیلات
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )سیلاب سے ہونے والے 2 ارب 90 کروڑڈالر کے نقصانات کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔ دستاویز کے مطابق سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ملک میں بے روزگار افراد کی تعداد میں 2 لاکھ 20 ہزار افراد کا اضافہ ہوگیاجبکہ ملکی جی ڈی پی کو 0.3 فیصد سے 0.7 فیصد نقصان ہوا، معاشی ترقی 4.2 فیصد ہدف کے مقابلے 3.5 سے 3.9 فیصد رہنے کا امکان ہے ،آبادی بے گھر ہونے سے 3ارب70 کروڑ کے نقصانات ہوئے۔خوراک، زراعت کے شعبے کو 430 ارب روپے کے نقصانات ہوئے، چاول، کپاس، گنا، مکئی، سبزیوں سمیت زراعت کو بڑا نقصان ہوا، فزیکل اور سوشل انفراسٹرکچر کو سیلاب سے 307 ارب روپے نقصانات کا سامنا ہوا، روڈ انفراسٹرکچر 187 ارب، ہائوسنگ انفراسٹرکچر کے 91 ارب کے نقصانات بھی شامل ہیں۔ ڈیموں، نہروں، ذخائر کو 17ارب68 کروڑ، بریجز کو 10ارب 77 کروڑروپے کا نقصان پہنچا۔دستاویز کے مطابق بجلی، گیس، پٹرول پمپس کو 7ارب44 کروڑ، تعلیمی اداروں کو 5ارب11 کروڑ کا نقصان ہوا، سرکاری عمارتیں، دفاتر، آئی ٹی، ٹیلی کام انفراسٹرکچر، ہسپتال بھی سیلاب سے متاثر ہوئے،صنعتی شعبے کو صرف 1 ارب 52 کروڑ روپیکا نقصان ہوا۔