غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ پردکانوں سے 3مشینیں ضبط

ری فلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے:ڈی سی ساہیوال
غازی آباد(خصوصی رپورٹ)ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر)سمیع آ فاروق کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سول ڈیفنس کی غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ شاپس کے خلاف کارروائی، 3 مختلف مقامات سے ری فلنگ مشینیں ضبط کر لی گئیں۔ ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر رانا محمد عباس کی نگرانی میں غلہ منڈی میں ارشد ایل پی جی شاپ، اڈا داد فتیانہ میں فرید چنار ایل پی جی شاپ اور چیچہ وطنی فلائی اوور کے قریب منیر ایل پی جی شاپ کے خلاف کارروائی کی گئی، جہاں سے ایک، ایک ری فلنگ مشین ضبط کی گئی۔ ترجما ن ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)سمیع آ فاروق نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنایا اور غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے،انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی غیر محفوظ طریقے سے ری فلنگ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ،اس لیے دکاندار مقررہ حفاظتی ضوابط کی پابندی کریں اور عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں۔