تھانہ راوی روڈ :خاتون،بچوں کی ناجائز حراست، تشدد کا نوٹس

لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی وزیر قانون رانا اقبال خان نے لاہور کے تھانہ راوی روڈ میں ایک خاتون اور اسکے بچوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی حراست میں رکھنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر قانون نے متعلقہ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کے تمام پہلوئوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور خاتون اور بچوں کو حراست میں رکھنے اور تشدد کے الزامات کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا حقائق سامنے لانے کیلئے تمام متعلقہ شواہد کا جائزہ لیا جائے اور واقعے سے متعلق مستند معلومات پر مبنی رپورٹ جلد پیش کی جائے۔رانا اقبال خان نے کہا قانون کی عملداری اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پولیس سمیت تمام سرکاری ادارے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے پابند ہیں اور کسی بھی فرد کے ساتھ غیر قانونی یا غیر انسانی سلوک ناقابل برداشت ہے۔ کسی شہری کو قانون کے تحفظ سے محروم نہیں کیا جا سکتا اور پولیس حراست میں انسانی حقوق کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جانی چاہیے۔