اسلام آباد(یواین پی)مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20سے 22اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لینے کے علاوہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع، بحری سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مالدیپ کے صدرمحمد معیزو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ خاتون اول ساجدہ محمد، کابینہ کے وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی پاکستان آئے گا۔