نیویارک: امریکی ماہر موسمیات اور ٹی وی اینکر ڈیلن ڈریئر نے شادی کے 13 سال بعد اپنے شوہر برائن فچیرا سے باقاعدہ علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔
اس بات کا انکشاف انہوں نے خود اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کیا۔43 سالہ ڈیلن ڈریئر، جو ایک بڑے نیوز چینل میں بطور اینکر اور موسمیاتی ماہر خدمات سرانجام دے رہی ہیں، نے کہا کہ ان کی زندگی کے اہم پہلو ہمیشہ سے عوام کے ساتھ شیئر ہوتے رہے ہیں، اور اسی تسلسل میں وہ علیحدگی کے فیصلے سے متعلق بھی مداحوں کو آگاہ کرنا چاہتی ہیں۔ڈیلن نے لکھا:"کئی سالوں سے میں اپنے خاندان کی زندگی کے بارے میں آپ لوگوں کے ساتھ چیزیں شیئر کرتی رہی ہوں، ان میں خوشیاں، مشکلات، اور ہر طرح کے حالات شامل تھے۔ میں آپ کی محبت اور تعاون کی شکر گزار ہوں، اور اسی وجہ سے یہ اطلاع دینا چاہتی ہوں کہ چند ماہ قبل برائن اور میں نے باہمی رضا مندی سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا تھا۔"
انہوں نے مزید کہا:"ہماری شروعات دوستی سے ہوئی تھی اور اب بھی ہم قریبی دوست ہیں۔ ہم اپنے تینوں بیٹوں کی بہترین پرورش کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔"غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ڈیلن اور برائن نے 2012 میں شادی کی تھی۔ ان کے تین بیٹے ہیں جن کی عمریں بالترتیب 3، 5 اور 8 سال ہیں۔ڈیلن نے علیحدگی کی وجوہات سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم ان کا انداز گفتگو نہایت نرم، مثبت اور باوقار تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فیصلہ بالغ نظری اور باہمی اتفاق رائے سے کیا گیا۔