لاہور چیمبر میں شاپنگ فیسٹیول ، کمپنیوں کی مصنوعات کی نمائش

ترک قونصل جنرل مہمت ایمن شمشیک، سری لنکن اعزازی قونصلر یاسین جوئیہ ودیگر کا دورہ 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تین روزہ لاہور شاپنگ فیسٹیول کا دوسرا روز بھی لاہور ایکسپو سینٹر میں بھرپور کاروباری سرگرمیوں، عوامی دلچسپی اور بین الاقوامی شرکت کے ساتھ جاری رہا۔ فیسٹیول میں 150 سے زائد سٹالز پر معروف قومی و بین الاقوامی برانڈز، گھریلو مصنوعات، گارمنٹس، فوڈ، لائف اسٹائل اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔فیسٹیول کے دوسرے روز ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن شمشیک، سری لنکا کے اعزازی قونصل یاسین جوئیہ اور 20 رکنی چینی تجارتی و سیاحتی وفد نے خصوصی طور پر فیسٹیول کا دورہ کیا۔ غیر ملکی مہمانوں نے مختلف سٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان کی کاروباری برادری کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ترکیہ کے قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور ایسے تجارتی ایونٹس ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔