ملزمہ اب تک 5مقدمات میں بری ہوچکی،2 شریک ملزمان اوربھائی بھی بری ہوچکا
انمول کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو اسے رہا کردیا جائے،عدالت کاحکم
کراچی (خصوصی رپورٹ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو منشیات بر آمدگی کے مزید 2 مقدمات میں عدم شواہد کی بنا پر بری کر دیا۔ عدالت نے تھانہ سی ٹی ڈی اور گزری میں درج مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔ ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مقدمے میں ملزمہ کا بھائی ناصر رواں برس فروری میں پہلے ہی بری ہوچکا ہے ، جبکہ گزری تھانے کے مقدمے میں 2 شریک ملزمان گزشتہ برس جولائی میں بری ہوچکے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ اگر ملزمہ کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو اسے ویمن جیل سے رہا کردیا جائے۔ انمول عرف پنکی اب تک منشیات بر آمدگی کے 5 مقدمات میں بری ہوچکی ہے، جن میں گزری تھانے کے 4 اور سی ٹی ڈی کا ایک مقدمہ شامل ہے۔ ملزمہ کے خلاف مجموعی طور پر 22 مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں سے 17 مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ پراسیکیوشن نے گزری تھانے کے 3 مقدمات میں ملزمہ کی بریت کے فیصلوں کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔