مردان :پتھروں تلے دباشخص 17روزبعد زندہ برآمد

31 مارچ کو لینڈ سلائیڈنگ کے دوران عبدالوہاب ملبے تلے دب گیا تھا
خیبرنامی شخص کیلئے آپریشن شروع ہوا،عبدالوہاب مل گیا،ہسپتال منتقل
مردان (خصوصی رپورٹ)رستم درنگ میں 31 مارچ کو پیش آنے والے مائننگ،لینڈ سلائیڈنگ حادثے کے بعد 17 روز تک جاری رہنے والا ریسکیو آپریشن ابتدائی طور پر خیبر نامی شخص کی تلاش کے لیے کیا جا رہا تھا،ریسکیو آپریشن کے دوران ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں سرنگ اور ملبے سے زندہ نکالا گیا، تاہم چہرہ بری طرح متاثر ہونے کے باعث اس کی شناخت فوری طور پر ممکن نہ ہو سکی، ابتدائی طور پر اہلِ خانہ نے مذکورہ شخص کو عبدالوہاب قرار دیا تھا،تاہم ریسکیو آپریشن کے تسلسل کے دوران پتھروں میں دبے شخص عبدالوہاب کو معجزانہ طور پر زندہ سلامت نکال لیا گیا ، جس کے بعد صورتحال میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،متاثرہ خاندان کے قریبی رشتہ داروں، خصوصاً چچازاد کے مطابق، اس پیش رفت سے واضح ہوتا ہے کہ پہلے جس شخص کو عبدالوہاب سمجھا گیا تھا، وہ درحقیقت وہ نہیں تھا، اس بنیاد پر یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خیبر لینڈ سلائیڈنگ حادثے کے دوران جاں بحق ہو چکا ہے،ریسکیو ٹیموں نے طویل اور مشکل آپریشن کے بعد عبدالوہاب کو بحفاظت نکال لیا، جسے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔