بورڈ غزہ کی تعمیر نو کیلئے فراہم مالی امداد کی نگرانی کرے گا،،مصری وزیر خارجہ
قاہرہ(آئی این پی ) مصری وزیرِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی عبوری قیادت کیلئے 15 ٹیکنوکریٹس کو حماس اور اسرائیل کی منظوری کے بعد منتخب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ٹیکنوکریٹس کی تعیناتی کا مقصد غزہ کے عوام کی دیکھ بھال اور انتظامی امور کو بہتر بنانا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نگرانی میں ایک بورڈ غزہ کی تعمیرنو کیلئے فراہم کی جانے والی مالی امداد کی نگرانی کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ حماس کے بعض ارکان نے صدر ٹرمپ کے منصوبے کو خوش آمدید کہا ہے، تاہم واضح کیا کہ حماس کا غزہ کے روزمرہ انتظامی معاملات میں کوئی براہِ راست کردار نہیں ہوگا۔مصری وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل کو غزہ سے انخلا کرنا ہوگا اور امداد کی آزادانہ ترسیل کی اجازت دینی ہوگی، جبکہ حماس کو اپنے کیے گئے وعدوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔