گزشتہ ہفتے 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ، 12 کی قیمتوں میں کمی 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام آیا:ادارہ شماریات
اسلام آباد( آن لائن ) ملک میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جس کے باعث کوئٹہ کے شہری 229 روپے فی کلو تک چینی خریدنے پر مجبور ہیں، جو ملک میں سب سے مہنگی ہے، ادارہ شماریات نے جمعہ کو رپورٹ جاری کی۔ادارے کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 19 روپے اضافہ ہوا، جو 210 روپے سے بڑھ کر 229 روپے تک پہنچ گئی۔ پشاور میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 200 روپے فی کلو، کراچی اور اسلام آباد میں 195 روپے فی کلو جبکہ راولپنڈی میں 190 روپے فی کلو ہے۔اس کے باوجود ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 185 روپے 47 پیسے پر آ گئی، جو گزشتہ ہفتے 187 روپے 48 پیسے تھی‘ رواں ہفتے افراطِ زر کی مجموعی شرح میں 0.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی سالانہ شرح 4.15 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو گھریلو صارفین کے لیے تشویش کا باعث بنتی جا رہی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 15 ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔