ٹریفک پولیس نے شہر میں بڑھتے ہوئے غلط پارکنگ کی وجہ سے ہونے والے ٹریفک جام کو دور کرنے کے لیے فورک لفٹرز کی خریداری کی درخواست کی ہے۔
اس وقت شہر کی سڑکوں پر غیر قانونی طور پر پارک کی گئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ٹریفک کی روانی میں خلل ڈال رہی ہیں، جس کے نتیجے میں ٹریفک جام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ٹریفک پولیس نے 40 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کے فورک لفٹرز کی ضرورت کا اظہار کیا ہے، جن میں سے ہر لفٹر کی قیمت تقریباً ایک کروڑ روپے ہے۔ ابتدائی طور پر 20 فورک لفٹرز خریدنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ شہر بھر میں پارک کی گئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ہٹایا جا سکے اور سڑکوں کو صاف رکھا جا سکے۔اس کے علاوہ، ٹریفک پولیس نے 43 فورک لفٹرز کی مجموعی ضرورت کا اظہار کیا ہے، جس سے غلط پارکنگ کی روک تھام کی جا سکے گی اور ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فورک لفٹرز کے ذریعے پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ 61 نئے پارکنگ لوکیشنز بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے، جس سے 17 ہزار گاڑیوں اور 47 ہزار 900 موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی گنجائش پیدا ہو گی۔یہ اقدامات شہر کی سڑکوں پر بہتر ٹریفک انتظامات اور عوامی سہولت کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوں گے۔