دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا:وزیراعظم

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا:وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں پولیس تھانوں اور چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کے حملوں کی شدید مذمت کی اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا کی کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ کامیاب کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، اور اس موقع پر دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

شہباز شریف نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور حکومت سے کہا کہ انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں قابل ستائش ہیں اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔