جے 10 سی ای طیاروں نے مئی میں فضائی لڑائی کے دوران متعدد دشمن طیاروں کو مار گرایا
یہ طیارے خود کسی نقصان سے محفوظ رہے:چینی قومی دفاعی سائنس و ٹیکنالوجی صنعت بیورو کا بیان
بیجنگ(آئی این پی ) چین کی قومی دفاعی سائنس و ٹیکنالوجی صنعت بیورو کے مطابق چینی جنگی طیارے جے 10 سی ای نے مئی 2025 میں اپنی پہلی عملی جنگی کامیابی حاصل کی۔یہ پہلا موقع ہے کہ چین کے کسی سرکاری ادارے نے باضابطہ طور پر جے 10 سی ای کی جنگی میدان میں کامیابی کا اعلان کیا ہو، بیان میں گزشتہ سال مئی کا ذکر کیا گیا ہے لیکن انڈیا پاکستان جنگ کا براہ راست ذکر نہیں کیا گیا۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق چین کے سٹیٹ ایڈمینسٹریشن آف سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انڈسٹری فار نیشنل ڈیفینس (ایس اے ایس ٹی آئی این ڈی) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ جے 10 سی ای طیاروں نے مئی میں فضائی لڑائی کے دوران متعدد دشمن طیاروں کو مار گرایا جبکہ یہ طیارے خود کسی نقصان سے محفوظ رہے۔چینی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق جے-10سی ای کی اس پہلی جنگی کارکردگی نے بین الاقوامی دفاعی ماہرین اور عالمی ہوابازی صنعت کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔