خلاف ورزی پر تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی
وزارت تعلیم کے بارہا احکامات کے باوجود تشویشناک رپورٹس سامنے آئی ہیں
اسلام آباد(آئی این پی) تعلیمی اداروں میں بچوں کی جسمانی سزا دینے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو جسمانی سزائیں دینے کا نوٹس لیتے ہوئے بچوں کو جسمانی سزا دینے پر مکمل پابندی لگانے کی ہدایت کردی۔وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے مراسلے میں سیکشن 3(2) کے تحت جسمانی سزا دینا قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دی گئی ہے جب کہ تنبیہ بھی کی گئی ہے کہ خلاف ورزی پر تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔مراسلے میں کہا گیا کہ ایف ڈی ای اور وزارت تعلیم کے بارہا احکامات کے باوجود تشویشناک رپورٹس سامنے آئی ہیں، شہری اور دیہی علاقوں کے کچھ سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبہ کو سزا دینے کے واقعات ہوئے۔