پاک بھارت کشیدگی کے درمیان معروف امریکی وی لاگر ڈریو بِنسکی کو پاکستان میں پاکستانی عوام کے بے خوف اور مہمان نواز رویے نے حیران کن طور پر متاثر کیا۔
ڈریو بِنسکی نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ وہ پاکستان میں ہے اور یہاں نہ صرف محفوظ ہے بلکہ یہاں کے لوگوں، مناظرات اور مہمان نوازی سے خاصا متاثر ہوا ہے۔ڈریو بنسکی نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران بنائی گئی اپنی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ یوٹیوبر نے شمالی پاکستان میں کشمیر کے قریب موجود ہونے کی تصدیق کی۔ وی لاگر نے بتایا کہ وہ اسلام آباد سے امریکا واپس جانے کا ارادہ رکھتا تھا، لیکن بھارت کی جانب سے جنگی جنون اور اشتعال انگیزی کی وجہ سے پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے وہ سفر نہ کر سکا۔وی لاگر نے کہا، "میں ابھی پاکستان میں پھنس چکا ہوں کیونکہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کی وجہ سے تمام ہوائی اڈے بند ہوگئے ہیں۔ لیکن میں محفوظ ہوں، شکر گزار ہوں، اور شمالی علاقوں کی مزید کھوج کے لیے پُرجوش ہوں۔"ویڈیو میں پاکستانی شہریوں کا احتجاج بھی دکھایا گیا، جن میں لوگ پرامن طریقے سے بھارتی حملوں کی مخالفت کر رہے تھے۔ ڈریو نے کہا، "یہاں کے لوگ صورتحال سے خاص پریشان نہیں لگ رہے ہیں۔ دکانیں کھلی ہیں، زندگی معمول پر ہے، جیسے یہ بس ایک عام دن ہو۔"
امریکی یوٹیوبر نے بھارتی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف علاقائی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں بلکہ بے گناہ شہریوں کو سفر اور روزمرہ زندگی میں مشکلات میں بھی دھکیل رہے ہیں۔ڈریو بِنسکی نے امن کی پرزور اپیل کی، "جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، یہ کوئی فلم نہیں، اصل زندگی ہے۔ امن بناؤ، جنگ نہیں۔"وی لاگر نے مزید کہا کہ وہ اب زمینی راستے سے کابل جانے اور وہاں سے پرواز پکڑنے کا ارادہ رکھتا ہے۔یہ بات قابلِ غور ہے کہ ایک غیر ملکی سیاح، جو دنیا کے مختلف حصوں کا سفر کر چکا ہے، پاکستان میں رہتے ہوئے نہ صرف خود کو محفوظ سمجھ رہا ہے بلکہ یہاں کے لوگوں کی بردباری، پرامن رویے اور حالات کو سنبھالنے کی صلاحیت کا بھی اعتراف کر رہا ہے۔یہ منظرنامہ بھارت کے جنگی بیانیے کی سخت تردید کرتا ہے اور دنیا کو یہ دکھانے کے لیے کافی ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن عزت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔