اختر مینگل کا مطالبہ پورا ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان: راحیلہ درانی

اختر مینگل کا مطالبہ پورا ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان: راحیلہ درانی

صوبائی وزیر راحیلہ درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

راحیلہ درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پارلیمنٹرین عوام کی مشکلات کے حل کے لیے دھرنا ختم کرنے کے لیے اختر مینگل کے پاس گئی تھیں، تاہم سردار اختر مینگل نے اس موقع پر بات چیت سے قبل پہلا سوال یہ کیا کہ "آپ لوگوں کو کس نے بھیجا ہے؟"راحیلہ درانی نے مزید کہا کہ انہوں نے اختر مینگل کو بتایا کہ ان کے بعض مطالبات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ان معاملات پر بات چیت جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں لک پاس کے مقام پر سردار اختر مینگل کے دھرنے کے قریب ایک خودکش دھماکا ہوا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اس کے باوجود اختر مینگل نے کہا کہ اس حملے سے ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور لک پاس پر دھرنا جاری رہے گا۔اختر مینگل نے مزید کہا کہ اگر راستے کھلے ملے تو دھرنا کوئٹہ منتقل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ وہ ایسے حالات سے گزر چکے ہیں، اور حملے ان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔