ویب ڈیسک:لاہور ہائیکورٹ میں بانی تحریک انصاف عمران خان کا نام میڈیا چینلز پر نشر نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست پی ٹی آئی کے رہنما اکمل خان کی طرف سے دائر کی گئی تھی۔ عدالت میں سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سردار امیر حمزہ ڈوگر پیش ہوئے جبکہ پیمرا (پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی) کی طرف سے جواب جمع کروا دیا گیا تھا۔اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔ جس پر جسٹس فاروق حیدر نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کا وکیل اس وقت عدالت میں موجود نہیں تھا، لہٰذا درخواست کی سماعت اس وقت تک نہیں کی جائے گی جب تک وکیل پیش نہ ہوں۔
عدالت نے مزید کہا کہ جب درخواست گزار کا وکیل پیش ہوگا تو درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل سنے جائیں گے۔ اس کے بعد عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔