پسند کی شادی کرنے والی ارشم کی موت معمہ بن گئی

مقتولہ ارشم مقصود نے کچھ عرصہ قبل اکیڈمی کے ٹیچر اکرم سے پسند کی شادی کی تھی، اکرم پہلے سے شادی شدہ تھا ، دونوں میاں بیوی  کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)اسلام پورہ کے علاقے میں فلیٹ سے لڑکی کی لاش ملنے کا واقعہ نیا رخ اختیار کر گیا۔ پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی قرار دیا تھا تاہم مقتولہ کے والد کی مدعیت میں شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ ارشم مقصود نے کچھ عرصہ قبل اکیڈمی کے ٹیچر اکرم سے پسند کی شادی کی تھی۔ اکرم پہلے سے شادی شدہ تھا اور اس نے ارشم کو اس کے والدین کے گھر کے قریب ایک فلیٹ کرائے پر لے کر دیا تھا دونوں میاں بیوی  کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا، جبکہ اکرم اور اس کی پہلی بیوی مبینہ طور پر ارشم کو پریشان کرتے تھے۔ مقتولہ کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی بیٹی کو اس کے شوہر اکرم نے قتل کیا
 ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے ابتدائی حالات و واقعات خودکشی کی نشاندہی کر رہے تھے، تاہم مقتولہ کے والد کی جانب سے قتل کا الزام عائد کیے جانے کے بعد مقدمہ درج کر کے تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ  شواہد، فرانزک رپورٹ، پوسٹ مارٹم اور دیگر دستیاب معلومات کی روشنی میں معاملے کی جامع تفتیش کی جائے گی اور حقائق سامنے لائے جائیں گے۔