"بھارتی جارحیت پر وزیراعلیٰ پنجاب کا فوری اور بڑا فیصلہ"

لاہور: بھارت کی اشتعال انگیزی اور بزدلانہ حملوں کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیر اعلیٰ کے حکم پر فوری طور پر 2 ارب روپے کا انٹرنل سیکیورٹی فنڈ جاری کر دیا ہے، جو صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو تقسیم کیا گیا ہے۔ فنڈ کا مقصد پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔فنڈز سے راشن، ادویات، فیول اور دیگر اہم اشیائے ضروریہ کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ محکمہ فنانس نے فنڈز کو آن لائن ٹرانسفر کر دیا ہے تاکہ بروقت استعمال ممکن ہو سکے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ رقم عوامی فلاح اور ایمرجنسی انتظامات کے لیے مخصوص ہے، اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، سول ڈیفنس اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گھروں میں رہیں اور صرف مستند ذرائع سے ملنے والی اطلاعات پر یقین کریں تاکہ افواہوں سے بچا جا سکے۔