ایل ڈی اے سٹی:پراپرٹی ٹرانسفر کی سروس متعارف

 فیس کا نیا فارمولہ مقرر ،پلاٹس منتقلی کا عمل ایک ورکنگ ڈے میں مکمل ہوگا
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایل ڈی اے سٹی میں پراپرٹی ٹرانسفر کے طریقہ کار کو جدید اور تیز بنانے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایگزیکٹو ٹرانسفر سروس متعارف کرا دی۔ اس فیصلے کی منظوری ایل ڈی اے اتھارٹی کے اجلاس میں دی گئی جسکے بعد نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔نئے نظام کے تحت ایل ڈی اے سٹی میں رہائشی پلاٹس منتقلی کا عمل صرف ایک ورکنگ ڈے میں مکمل ہو گا۔ٹرانسفر کیلئے فیس کا نیا فارمولہ بھی مقرر ، ٹرانسفر فیس ڈی سی ویلیو کے ایک اعشاریہ دو پانچ فیصد یا فی مرلہ پندرہ ہزار رکھی گئی ہے اور ان دونوں میں سے جو بھی رقم زیادہ ہو گی وہ لی جائیگی۔طریقہ کار کے مطابق درخواست گزار کو پہلے مکمل ٹرانسفر درخواست جمع کروانا ہوگی اور اسکے ساتھ تمام واجبات کی ادائیگی بھی لازمی ہوگی۔ اسکے بعد پلاٹ ملکیت، ریکارڈ اور بقایا جات کی جانچ پڑتال ہوگی۔ بقایا جات موجود ہوئے تو ادائیگی کیلئے چالان جاری کیا جائیگا ۔ ٹرانسفر فیس جمع ہونے پر خریدار اور فروخت کنندہ کی باقاعدہ شناخت اور تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گا۔تمام قانونی ومالی مراحل مکمل ہونے پر24گھنٹے کے اندر پلاٹ منتقلی کا عمل مکمل کر دیا جائیگا۔