لاپتہ افراد کامعاملہ ہر فورم پر اٹھائیں گے،پی ٹی آئی مدارس رجسٹریشن پر اپنے 2019 کے معاہدے پر آج بھی قائم ہے
فیصل واوڈا اکثر بیانات دیتے رہتے ہیں، کسی بیان کا جواب نہیں دیتا،سب کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوشش کرنی چاہیے
راولپنڈی(آئی این پی )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے ڈی چوک سے لاپتہ 200 افراد کی فہرست تیار ہے، یہ رپورٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دیں گے،پی ٹی آئی مدارس رجسٹریشن پر اپنے 2019 کے معاہدے پر آج بھی قائم ہے۔پیر کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ڈی چوک احتجاج کے دوران 200 مسنگ پرسنز کی فہرست تیار کر لی ہے ، جس پر پی ٹی آئی اپنا کام کر رہی ہے ۔ یہ معاملہ ہر فورم پر اٹھائیں گے اور اس کی رپورٹ بانی پی ٹی آئی کو دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 2019 میں مدارس رجسٹریشن کا معاہدہ درست تھا۔ تحریک انصاف اس معاہدے پر آج بھی قائم ہے ۔ مدارس کی رجسٹریشن ہونی چاہیے۔ مدارس میں بچوں کو جدید علوم بھی پڑھائے جانے چاہیئں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فیصل واوڈا اکثر ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں۔ میں ان کے کسی بیان کا جواب نہیں دیتا۔ سب کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوشش کرنی چاہیے۔