گلگت انتخابات میں کامیابی تمام ووٹرز کے اعتماد کا مظہر ہے :پرویز اشرف

شاندار کامیابی بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری کی انتھک محنت، مؤثر انتخابی مہم اور عوامی رابطوں کا ثمر ہے 
اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، پارٹی کارکنان اور گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے ایک بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کی انتھک محنت، مؤثر انتخابی مہم اور عوامی رابطوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے اعتماد، محبت اور وابستگی نے پاکستان پیپلز پارٹی کو یہ تاریخی کامیابی دلائی ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ فتح صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی نہیں بلکہ گلگت بلتستان میں ترقی، امن اور خوشحالی کا خواب دیکھنے والے ہر ووٹر کی کامیابی ہے