صدر اور وزیراعظم کا نورخان ایئربیس پر صدر پرابوووسوبیانتو سے پرجوش مصافحہ
بچوں نے پھول پیش کئے،مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط ہونگے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)انڈونیشیاکے صدرپرابووو سوبیانتو پاکستان کے 2روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، ان کا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کے 6 جے ایف 17 جنگی طیاروں نے انہیں فضائی سلامی پیش کی جبکہ نورخان ایئربیس پر انہیں 21توپوں کی سلامی دی گئی۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر ان کااستقبال کیا، وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔ انڈونیشیاکے صدر طیارے سے باہر آئیتو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نیان سے پرجوش مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انڈونیشیاکے صدرپرابووو سوبیانتو کو پھول پیش کئے اورمعزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انڈونیشیا کے صدرکووزیراعظم شہباز شریف نے دورے کی دعوت دی تھی،ان کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے، انڈونیشیا سے آخری صدارتی دورہ 2018 میں صدر جوکو ویدودو نے کیا تھا۔ یہ دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ اس سال پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ صدر پرابووو سوبیانتو وزیرِاعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے جبکہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اورعسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔دورے کے دوران دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی سطح پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر جامع تبادلہ خیال کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جانے کا بھی امکان ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار استقبال دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر ہے، پاکستان کی فضا میں پرتپاک استقبال دونوں ممالک کے مابین پائیدار دوستی اوربھائی چارے کا ثبوت ہے۔ پاکستان کی حدود میں برادر ممالک کو فضائی سلامی پیش کر نا جذبہِ خیر سگالی کی روایات کابھی عکاس ہے۔