چھ ماہ کے دوران 17 ہزار 697 افراد کو 104 ارب روپے کے قرضے جاری ،90ہزار سے زائد درخواستیں منظورکی گئیں،اعدادوشمار
اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، ہاؤسنگ قرضوں کی فراہمی 100 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔چھ ماہ کے دوران 17 ہزار 697 افراد کو 104 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے جبکہ ، 90 ہزار سے زائد درخواستیں منظورکی گئیں۔ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت کم لاگت گھروں کی تعمیر اور خریداری کے لیے فراہم کیے جانے والے قرضوں کی مجموعی مالیت 100 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔30 اکتوبر 2026 تک جاری اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے تحت 17 ہزار 697 درخواست گزاروں کو مجموعی طور پر 104 ارب روپے کے ہاؤسنگ قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں، جبکہ 90 ہزار 405 درخواستوں کے مقابلے میں 533 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی گئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے تحت اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 20 ہزار 715 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے تقریبا 41 فیصد درخواستوں کی منظوری دی جاچکی ہے۔رپورٹ کے مطابق جون 2026 سے اکتوبر 2026 تک قرضوں کی تقسیم میں 404 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس عرصے کے دوران قرضوں کی تقسیم 21 ارب روپے سے بڑھ کر 104 ارب روپے تک پہنچ گئی، جبکہ قرضوں کی منظوری میں بھی 269 فیصد اضافہ ہوا اور منظور شدہ فنانسنگ کی مالیت 144 ارب روپے سے بڑھ کر 533 ارب روپے ہوگئی۔ پروگرام کا مقصد شہریوں کو گھروں کی تعمیر اور خریداری کے لیے آسان اور کم لاگت ہاؤسنگ فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔